شجرکاری سے زمین کا کٹاؤ ختم ہوتا ہے ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق
بہاول نگر(محمد ریاض)ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے جال والا روڈ بہاول نگر میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدار کے ہمراہ خدمت آپکی دہلیز پر پروگرام کے موقع پر “ہر بشر دوشجر” کے تحت پودے لگائے۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سید عثمان منیر بخاری،محکمہ جنگلات ودیگر محکموں کے افسران و سٹاف،ریسکیو 1122 اور ٹائیگر فورس کے جوان،سکول اور مدارس کے طلبہ نے بھی شجرکاری میں حصہ لیا اور بیک وقت جال والا روڈ پر2.5 کلومیٹر کے فاصلے 800 سے زائد پودے لگائے گئے۔ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نےکہا کہ شجرکاری سے زمین کا کٹاؤ ختم ہوتا ہے،اجاڑ زمین پر ہرے بھرے جنگلات قائم کرنے سے بارش میں اضافہ اور گلوبل وارمنگ و موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ جنگلات کی ترقی ہماری آب و ہوا اور معیشت کے لیے بنیادی اہمیت کے حامل ہے اور موجودہ حکومت معیشت اور قدرتی ماحول کی بہتری کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے جس میں عوامی سطح پر شرکت کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد ظفر بزدار نے شجرکاری کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ایکو سسٹم میں توازن اور ماحول کی بہتری کے لیے شجرکاری لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ پودوں کی آبیاری،نگہداشت اور حفاظت بہت ضروری ہے تاکہ یہ پروان چڑھ کر تناآور درخت بنیں۔بعد ازاں ملک کی ترقی و خوشحالی اور شجرکاری مہم کی کامیابی کے لیے دعا بھی کی گئی۔










