مجھے تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو میں وزیراعلیٰ ہاﺅس کے سامنے خود سوزی کرلوں گی، ادکارہ شیزہ بٹ
لاہور سٹیج اور فلم کی معروف فنکارہ شیزہ بٹ نے کہاہے کہ عبدالحمید عرف مٹھو بٹ اور رائے عبدالقادر سے جان کا خطرہ ہے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او مجھ پر ہونے والی فائرنگ کا نوٹس لیں۔
پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران شیزا بٹ کا کہنا تھا کہ تھانہ نصیر آباد میں درج مقدمہ میں نامزد ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، مٹھوبٹ اور رائے عبدالقادر گذشتہ پانچ چھ سال سے مسلسل بلیک میل کررہے ہیں مجھ اب تک لاکھوں روپے بھتہ وصول کرچکے ہیں میں اپنی جان کے خوف سے انہیں مسلسل بھتہ دیتی رہی۔
اب گذشتہ کچھ عرصہ سے کورونا صورتحال اور گھر میں لگنے والی آگ کے سبب ان کو بھتہ نہیں دے سکی تو وہ میری جان کے دشمن بن گئے 12 نومبر کی رات مجھ پر سیدھی فائرنگ کی لیکن خدا کے فضل سے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہی واقعہ کا مقدمہ تھانہ نصیر آباد میں درج تو کر لیا گیا لیکن متعلقہ دفعات شامل نہیں کی گئیں۔
میری حکام سے گذارش ہے کہ مقدمہ میں متعلقہ دفعات کا اضافہ کرکے ملزمان سے میری جان چھڑائی جائے مجھے اور میری فیملی کو ان سے جان کا خطرہ ہے، میں بھی اس ملک کی بیٹی ہوں مجھے بھی زندہ رہنے کا حق ہے۔ خدارا وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور میری مدد کریں بصورت دیگر وزیر اعلیٰ ہاﺅس کے سامنے خود سوزی کرلوں گی۔