جاگیر کور کا مودی کے نام خط میں کرتارپور کوریڈور دوبارہ کھولنے کا مطالبہ
امرتسر : 14 نومبر 2021ء
شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی امرتسر کی صدر بی بی جاگیر کور نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر پاکستان میں واقع کرتارپور کوریڈور کو دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جاگیر کور نے خط میں مطالبہ کیا کہ سنگت کے عقیدے سے وابستہ سری کرتارپور صاحب کی راہداری کو فوری طور پر کھولا جائے اور اس کے لیے گرونانک کے یوم پیدائش کے موقع پر پہل کی جائے۔بی بی جاگیر کور نے کہا کہ پہلے گرو کا پرکاش دیوس پوری دنیا میں سنگت کی طرف سے 19 نومبر کو منایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کرتار پور کراسنگ کورونا کے دوران عارضی طور پر بند کر دی گئی تھی لیکن حالات سازگار ہونے کے باوجود ابھی تک دوبارہ نہیں کھولی گئی اس سے سنگت کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچ رہی ہے لہذا کراسنگ کو مزید بند نہیں رہنا چاہیے۔
دریں اثناء بی بی جاگیر کور نے گورو تیغ بہادر صاحب کے یوم شہادت کو منسوخ کرنے اور اس کی جگہ چھٹھ پوجا کی تعطیل نافذ کرنے پر اترپردیش کی حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔بی بی جاگیر کور نے کہا کہ اس سلسلے میں اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کو بھی خط لکھا جا رہا ہے۔









