ڈی جی رینجرز(سندھ)میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے حیدرآباد کا دورہ کیا۔
اس موقع پر ڈی جی رینجرز(سندھ)نے سندھ رینجرز کی جانب سے سول انتظامیہ کے تعاون سے لبِ مہران پارک کی بعداز تزین و آرائش افتتاح کیا۔پارک میں مفت لائبریری اور کمپوٹر لیب کا سنگ بنیاد رکھا گیا جبکہ گرین پاکستان شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا گیا۔تقریب میں مختلف مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، رینجرز، پولیس، سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور شہریوں نے شرکت کی۔
ڈی جی رینجرز(سندھ)نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے اجداد نے پاکستان حاصل کرنے کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں،ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اسکی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔مِلی یکجہتی اور جذبہ حب الوطنی کے فروغ کے لیے انفرادی اور اجتماعی حیثیت سے کوشش کریں۔شرکاء کی جانب سے رینجرز کی صوبے میں امن وامان کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور ملکی سلامتی، ہم آہنگی کے فروغ اور تعمیر و ترقی میں بھرپور تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی۔










