بہاولنگر(محمد ریاض) کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاول نگر کا دورہ کیا اور گذشتہ روزعاشورہ محرم کے جلوس میں دھماکے سے زخمی ہونے والے افراد کی عیادت کی۔ انہوں نے زیر علاج افراد کو گلدستے اور پھل پیش کئے اور علاج معالجہ کی سہولیات بارے استفسار کیا۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر محمد زبیر دریشک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ زخمی افراد کو علاج معالجہ کی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ جن معمولی زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر کے گھر بھیجا جا چکا ان کا بھی دوبارہ طبی معائنہ کیا جائے اور اگر کسی فرد کو مزید طبی سہولت کی ضرورت ہو تو اسے ہر ممکن علاج معالجہ فراہم کیا جائے۔ قبل ازیں کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال نے آر پی او محمد زبیر دریشک، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر شفقت اللہ مشتاق، ڈی پی او بہاول نگر محمد ظفر بزدار کے ہمراہ ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کا دورہ کیا اور وہاں سی سی ٹی وی مانیٹرنگ سسٹم کا معائنہ اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز بہاول نگر میں عاشورہ محرم کے جلوس پر دھماکے کی اطلاع ملتے ہی کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن محمد ظفر اقبال، آر پی او محمد زبیر دریشک اور انتظامی و پولیس افسران کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچے اور امدادی سرگرمیوں کی براہ راست نگرانی کی۔ انہوں نے عزاداران اور ان کے ورثا سے موقع پر ملاقات کی اور حکومت کی جانب سے تمام تر تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے زخمیوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کی بہتر ین انداز میں فراہمی کی خود نگرانی کی۔
![]()
![]()
![]()










