اسلام آباد (بیورو رپورٹ) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں ففتھ جنریشن وار کے موضوع پر منعقدہ ایک سیمینار میں اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر اقبال ڈین سوشل سائنسز IIUI کا کہنا تھا کہ جنگ کی اس غیراعلانیہ قسم میں پراپیگنڈا کا سہارا لیا جاتا ہے، معیشت کو تباہ کیا جاتا ہے، دہشت گردی اور نفسیاتی جنگ جیسے حربے استعمال ہوتے ہیں۔ اس جنگ کی اس مخصوص قسم میں کسی بھی ملک میں مذہبی، سماجی، یا سیاسی حلقوں میں فیک نیوز یا سوشل میڈیا کا سہارا لیکر عوامی جذبات کو بھڑکایا جاتا ہے ۔ تاکہ اس ملک میں نقص امن، اور معاشی طور پر نقصان پہنچایا جا سکے، ان کا مزید کہنا تھا کہ آج کے نوجوانوں کو سمجھنا چاہیے کہ ہم لاعلمی میں اپنے ہی وطن کے خلاف کسی پراپیگنڈے کا شکار نہ ہو جائیں ۔

اس موقع پر چیئرمین میڈیا ڈیپارٹمنٹ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر انعام الرحمن کا کہنا تھا کہ نوجوانوں میں یہ شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرتی کسی بھی خبر کی تصدیق بہت ضروری ہے ان کا کہنا تھا غیر مصدقہ خبریں اور جعلی منسوب شدہ بیانات عموماً برے نتائج کا سبب بنتے ہیں اور دشمن اپنی سازشوں میں کامیاب ٹھہرتا ہے انہوں نے کہا کہ آزادی اظہار کی آڑ میں سوشل میڈیا کا منفی استعمال اس جنگ میں اہم ٹول کے طور اپنا کردار ادا کررہا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ سوشل میڈیا کے حوالے سے سخت قوانین مرتب کرے تاکہ پاکستان کسی بھی ایسے فتنے سے محفوظ رہے سیمینار کے اختتام پر منتظمین کی جانب سے مقررین کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں









