سچ نیوز ایچ ڈی (پورا سچ عوام تک)
03/01/2022
بہاولنگر شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے حکومتی اقدامات کے برعکس میونسپل کمیٹی کا عملہ شہر میں گندگی کے ڈھیر لگانے میں مصروف نئی آبادی قریش کالونی میں بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کا پروگرام ”خدمت آپکی دہلیز پر“ دم توڑ گیا- متعدد گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ میونسپل کمیٹی میں شکایات کے لئے جانے والے مقامی لوگوں کے ساتھ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی عمر مختار کا ناروا سلوک علاقہ مکینوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے فوری طور پر از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا- تفصیلات کے مطابق بہاولنگر شہر سمیت کئی محلے و آبادیوں جن میں سر فہرست نئی آبادی٬ قریش کالونی٬ میں جگہ جگہ گندگی کوڑا کرکٹ کے کئی ڈھیر لگے ہوئے ہیں میونسپل کمیٹی انتظامیہ مکمل بے حس ہو چکی ہے۔ دوسری جانب نئی آبادی میں سیوریج کا نظام بری طرح ناکام ہو چکا ہے آئے روز متعدد گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگتی ہیں جس کے باعث صاف پانی واٹر سپلائی میں بھی گٹروں کا گندا پانی شامل ہو جاتا ہے۔ جبکہ گلیوں میں کھڑے گٹروں کے گندے پانی کی وجہ سے لوگوں کا مساجد میں فرض نماز کی ادائیگی کے لئے جانا بھی نا ممکن ہو گیا ہے۔ مقامی لوگوں کی متعدد بار شکایات اندراج کروانے پر بھی میونسپل کمیٹی بہاولنگر کا عملہ اپنی ذمہ داری سے گریزاں ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق کوڑا کرکٹ و گٹروں کے گندے پانی کی وجہ سے بدبو اور تعفن پھیلا ہوا ہے جس کے باعث علاقہ مذکورہ میں موذی امراض کے پھیلنے کا بھی خدشہ ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ حکومت شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے دعوے کرتی ہے تو دوسری جانب اسی حکومت کی ناک کے نیچے میونسپل کمیٹی کا عملہ ان کے دعوں کے خلاف کام کر رہا ہے جو کہ قابلِ مذمت ہے۔ علاقہ مذکورہ کا کوئی پرسان حال نہیں اس سلسلہ میں سٹیزن پورٹل پر بھی شکایات درج کروائی گئیں مگر نا اہل بلدیہ ملازمین کی طرف سے پرانی تصاویر بھیج کر سٹیزن پورٹل انتظامیہ کو مطمئن کردیا جاتا ہے۔ میڈیا سروے کے دوران شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ایک ہفتے میں صورتحال بہتر نہ ہوئی تو شہر کے چوراہوں میں میونسپل کمیٹی کے نااہل افسران کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا- ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شہر کی صفائی و ستھرائی میونسپل کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔ شہر کے کچرے کو شہر میں ہی پھینک دینے سے صفائی کی صورتحال بہتر نہیں بنائی جا سکتی میونسپل کمیٹی کا عملہ شہر کے کچرے کو ویران علاقے میں ٹھکانے لگانے کا بندوبست کرے۔ مقامی٬ عوامی٬ سماجی و صحافتی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سے فوری طور پر از خود نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے-









