عباسپور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا وزیراعظم بنے کے بعد اپنے حلقہ کا پہلا دورہ
تفصیلات کے مطابق دورے کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر نے بحیثیت مہمان خصوصی جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا مودی سرکار اپنے ظلم و جبر کے ذریعہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے دلوں سے جذبہ آزادی کو ٹھنڈا نہیں کرسکتی چونکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت سے علیحدگی اور مکمل آزادی کے حصول کا عزمِ مصمم کرچکے ہیں اب بھارت زیادہ دیر جموں کشمیر کے عوام کو اُنکے پیدائشی حق خودارادیت سے طاقت کے بل بوتے پر محروم نہیں رکھ سکتا اس لئے ہندو بنیے کو بدلتی ہوئی بین الاقوامی جغرافیائی تبدیلیوں کا ادراک کرتے ہوئے جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر کئے گئے عالمی مواعید اور معاہدوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے کشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے مظالم کو فی الفور بند کرتے ہوئے کشمیریوں کی جانب سے آزادی کے مطالبے کو تسلیم کرنا ہوگا چونکہ بھارت کی بقاء کا راز جموں کشمیر کی وحدت کی بحالی اور آزادی میں مضمر ہے مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی آزادی اور حق خودارادیت کی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں اور ہم اپنے بھائیوں کی آزادی کے ہر ممکنہ قربانی دینگے اور پشتیبان کردار ادا کرینگے وزیراعظم نے عوام کی تالیوں کی گونج میں عبّاسپور کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے بوائز ڈگری کالج کو پوسٹ گریجویٹ کالج،عباسپور میں آئی ٹی یونیورسٹی کیمپس کا قیام،بلدیہ عباسپور کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے تروٹی گرلز مڈل سکول کو ہائی سکول،ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت کا قیام،کاہموڑہ گھمیر سول ڈسپنسری کو اپ گریڈ کرنے اور ٹی ایچ کیو عباسپور کو مکمل فعال کرنے کا اعلان کیا وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ میں اہلیان عباسپور کا شکرگزار ہوں جنہوں نے مجھے منتخب کر کے ایوان تک پہنچایا اور ان کی بدولت میں ریاست کا وزیراعظم ہوں۔ مجھے اللہ رب العزت پر پورا یقین تھا کہ مجھ سے کوئی بڑا کام لیا جائے گا۔عوام کی امیدوں پر پورا اتروں گا اور انہیں کبھی مایوس نہیں ہونے دونگا، آزاد کشمیر میں تحریک انصاف ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنے جارہی ہے،وزیراعظم پاکستان عمران خان کی رہنمائی اور سرپرستی میں ریاست کو مثالی خطہ بنائیں گے۔صحت،تعلیم اور انفراسٹرکچر سمیت ہر شعبے میں عوام بہتری محسوس کریں گے۔یہاں کے عوام کے مسائل کا علم ہے جنھیں ترجیحی بنیادوں پر حل کروں گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق نچلے طبقے کو اوپر لانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے،اللہ رب العزت نے اقتدار عوام کی خدمت کے لیے دیا،عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔تحریک آزادی کشمیر ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے،آزاد کشمیر کو خوشحال خطہ بنائیں گے۔
ماضی میں تعلیم اور صحت کے شعبوں کو نظر انداز کیا گیا مگر پی ٹی آئی کی حکومت وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق تعلیم اور صحت کے شعبوں کو مضبوط بنائے گی، عوام کی فلاح و بہبود ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور ایل او سی پر آئے روز بھارتی جارحیت کی بھی مذمت کی اور کہا کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی جدوجہد جاری رکھیں گے
ان کا مزیذ کہنا تھا کہ ایل او سی کے قریب بسنے والے لوگوں کی مشکلات سے آگاہ ہیں، حکومت ان علاقوں کے عوام کے لئے صحت،تعلیم اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے مزید بڑا ترقیاتی پیکیج لا رہی ہے۔ایل او سی پر بسنے والے دفاع وطن میں ڈھال ہیں انھیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ہائر ایجوکیشن ملک ظفر نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے عمران خان کے ویژن پر اعتماد کا اظہار کیا ہے،عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے، تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے وعدے نہیں بلکہ عملی اقدامات اٹھائے گی،آزاد کشمیر میں ترقی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنے جارہے ہیں،کچھ عرصہ میں آزاد کشمیر کے عوام حقیقی معنوں میں تبدیلی محسوس کریں گے۔قبل ازیں وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا عباسپور آمد پر بھی شاندار استقبال کیا گیا،عوام علاقہ اور کارکنان تحریک انصاف نے عباسپور آمد پر وزیراعظم آزاد کشمیر کا پرتپاک استقبال کیا،عوام علاقہ ریلی کی صورت میں وزیراعظم کو ویلکم کرنے عباسپور پل پہنچے اور انہیں خوش آمدید کہا۔وزیراعظم پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور کارکنوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کرتے ہوئے وزیراعظم کو عباسپور پل سے کالج گراونڈ جلسہ گاہ پہنچایا۔وزیر ہائر ایجوکیشن ملک ظفر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔جلسہ کے آخر میں بار ایسوسی ایشن کے وکلاء کی حلف برداری کی تقریب ہوئی۔وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے نو منتخب عہدیداران سـے حلف لیا۔









