حکومت ریونیو سسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کررہی ہے
شفقت اللہ مشتاق
بہاول نگر(محمد ریاض)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے اراضی ریکارڈ سنٹر بہاول نگر میں ریونیو خدمت کچہری میں شرکت کی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عابد حسین بھٹی،اسسٹنٹ کمشنر بہاول نگر سیدعثمان منیر بخاری متعلقہ ریونیو افسران اور سٹاف بھی موجود تھا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت ریونیو سسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کررہی ہے ریونیو عوامی خدمت کچہری اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بہاول نگر میں وزیراعظم کے وژن اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی ہدایت کے مطابق 32 قانون گوئی حلقوں میں دیہی مال مراکز بنائے گئے ہیں اور اس کا دائرہ کار پٹوار سرکلز تک پھیلایا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ اب عوام کو ریونیو معاملات کے لئے تحصیلوں اورضلع کی سطح پر آنے کی ضرورت نہ ہوگی۔ ریونیو سسٹم میں انقلابی تبدیلیاں لائی جارہی ہیں اس سے لوگوں کو بھر پور ریلیف حاصل ہورہا ہے۔ڈپٹی کمشنر شفقت اللہ مشتاق نے کہا کہ بزدار حکومت نے اداروں پر عوام کا اعتماد بحال کرکے فرسودہ اور تاخیری حربوں پر مبنی ریونیو سسٹم میں انقلابی اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیا ہے اور سرکاری دفاتر میں عوام کے لیے آسانیاں اور خدمات میں بہتر ریسپانس کے لیے اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں۔اس موقع پر ریونیو خدمت کچہری میں ریونیو ریکارڈ کی درستگی،فردانتقالات، رجسٹری، ڈومیسائل اور سائلین کے ریونیو مسائل کو فی الفور حل کیا گیا اور درخواستیں بھی وصول کی گئیں اور لوگوں کے ریونیو سے متعلق مسائل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے گئے۔










